حکومت کا عوام پر بجلی بم گرانے کا فیصلہ، فی یونٹ بجلی 14 روپے تک کرنے کی تجویز

حکومت کی گھریلو صارفین کے لئے بجلی کا فی یونٹ 14 روپے جبکہ صنعتی صارفین کے لئے 19 روپے تک کرنے کی تجویز ہے۔
حکومت نے اکتوبر سے بجلی کے نرخ بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا کم سے کم نرخ 5 روپے 79 پیسے سے بڑھا کر14 روپے تک کرنے کی تجویز ہے جبکہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو اضافے سے مستشنی قرار دیا گیا ہے جب کہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 8 روپے 22 پیسے سے بڑھا کر تقریباً 19 روپے تک کرنے کی تجویز ہے۔

بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری کل مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی، نرخوں میں اضافے پر سندھ، خیبر پختونخوا سمیت تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا، دوسری جانب حکومت کی جانب سے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے 5.3ارب ڈالر کا جو قرضہ لیا ہے اس میں بجلی کی قیمتیں بڑھانے اوراس پر دی جانے والی سبسڈی کو مرحلہ وارختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا۔

1 comment: